دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کے نئے اوقات کار جاری

وفاقی دارالحکومت میں توانائی کی بچت یا انتظامی بنیادوں پر کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہےجس کے تحت تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جو تا حکم ثانی برقرار رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، جبکہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز، بیکریز، کریانہ، گوشت، پھل اور سبزی کی دکانوں کو رات 10 بجے تک رعایت دی گئی ہے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

مزید برآں، تمام شادی ہالز، مارکیز اور نجی تقریبات کو بھی رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہر کے جمز، کلبز اور اسپورٹس سہولیات کے لیے رات 8 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top