اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے ٹرمپ کے پیغام کو سوشل میڈیا پر ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اپنی جانب سے امریکی صدر کے مہربان الفاظ پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔
Mr President, on behalf of the people of Pakistan, Field Marshal Syed Asim Munir, and on my behalf, I express my deep and profound appreciation for your kind and gracious words. @realDonaldTrump pic.twitter.com/mmDYZoGlB9
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 17, 2026
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے خیالات پاکستان کے لیے نیک جذبات کی عکاسی کرتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مثبت رخ کو ظاہر کرتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے تعریفی کلمات ادا کیے تھے۔ انہوں نے دونوں پاکستانی رہنماؤں کو دو شاندار شخصیات قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں آج کے دن کو دنیا کے لیے ایک عظیم اور شاندار دن بھی قرار دیا، جسے عالمی سطح پر مثبت پیشرفت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شکریہ پاکستان،شکریہ وزیراعظم ، شکریہ فیلڈ مارشل، ٹرمپ کا پیغام
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے کے ایرانی فیصلے کا بھی خیرمقدم کر چکے ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی تھی کہ ایران نے اس اہم بحری گزرگاہ کو بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو عالمی تجارت کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
مزید برآں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا تھا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھلی رہے گی، تاہم جہازوں کو ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ مخصوص روٹس پر عمل کرنا ہوگا۔





