مردان ،ماربل کان حادثے میں معجزانہ طور 17روز بعد زندہ نکلنے والےمزدور عبدالوہاب نےاپنی آپ بیتی سنا دی

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل رستم میںماربل کان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے عبدالوہاب نے اپنی آپ بیتی سنا دی۔

عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ 17 دن تک ملبے کے نیچے پھنسے رہنے کے باوجود زندہ رہنا کسی معجزے سے کم نہیں، اور اس دوران اس کا واحد سہارا اللہ پر ایمان تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر ایک محدود جگہ میں موجود تھا جہاں بڑے بڑے پتھر اس کے اردگرد گرے ہوئے تھے، جس کے باعث حرکت کرنا انتہائی مشکل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کٹھن صورتحال میں بھی اسے یقین تھا کہ وہ زندہ بچ جائے گا۔ عبدالوہاب کے مطابق ملبے کے نیچے اسے ایک وقت میں روشنی محسوس ہوئی، جس کی طرف اس نے کوشش کی اور مدد کے لیے آواز بھی نکالی۔

عبدالوہاب نے مزید بتایا کہ اس دوران وہ اشاروں سے نماز ادا کرتا رہا اور مسلسل روحانی سکون اور حوصلے کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتا رہا۔

واضح رہے کہ 31 مارچ کو رستم میں واقع ایک ماربل کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں پر اچانک پہاڑ کا ایک بڑا حصہ آ گرا تھا۔ اس کان میں 12 مزدور موجود تھے جن میں سے نو جاں بحق ہو گئے جبکہ دو مزدور زخمی حالت میں نکالے گئے تھے۔

Scroll to Top