کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔
لاہور کی جانب سے اسٹار بیٹر فخر زمان نے ایک بار پھر اپنی فارم ثابت کی اور 54 گیندوں پر 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ نوجوان کھلاڑی محمد فاروق نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 41 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر میں عبداللّٰہ شفیق نے 26 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ آخری لمحات میں آصف علی نے روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 6 گیندوں پر 18 رنز بٹور کر مجموعہ 210 تک پہنچا دیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ قلندرز کی رنز بنانے کی رفتار کو روکنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ لاہور قلندرز کو اپنے گزشتہ تین میچز میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہےجبکہ راولپنڈیز کی ٹیم اب تک ایونٹ میں اپنی پہلی فتح کی تلاش میں ہے۔





