موبائل صارفین ہوشیار، سائبر فراڈ کا نیا طریقہ، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر فراڈ کے پیش نظر شہریوں کے لیے ایک جامع ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں جعلی کالز اور پیغامات کے ذریعے ہونے والی دھوکہ دہی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق جعل ساز اکثر خود کو بینک، پی ٹی اے یا کورئیر سروس کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو ورغلاتے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی نامعلوم شخص کے ساتھ اپنا شناختی کارڈ نمبر، بینک او ٹی پی یا پاسورڈ شیئر نہ کریں اور نہ ہی مشکوک لنکس پر کلک کریں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کے فراڈ کی صورت میں شہری پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ یا سی ایم ایس ایپ کے ذریعے فوری شکایت درج کروا سکتے ہیں۔

مزید برآں، غیر قانونی سمز کے اجرا کو روکنے کے لیے پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوراہوں یا فٹ پاتھوں پر موجود اسٹالز سے مفت سم لینے کے بجائے صرف کمپنی کے آفیشل سینٹرز یا فرنچائزز کا رخ کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی مذاکراتی ٹیم کب اسلام آباد پہنچے گی ؟ امریکی میڈیا نے بڑا دعوی کر دیا

حکام نے خبردار کیا ہے کہ مفت سم کے لالچ میں دی گئی بائیو میٹرک تصدیق کا غلط استعمال کر کے آپ کے نام پر اضافی سمز جاری کی جا سکتی ہیں جو کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں استعمال ہوسکتی ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد چیک کریں اور تمام اضافی یا غیر استعمال شدہ سمز کو فوری طور پر بلاک کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جاسکے۔

Scroll to Top