مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث ہفتے کے آغاز پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں قیمتیں تقریباً 7 فیصد تک بڑھ گئیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی جہاز پر مبینہ امریکی حملے اور ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشات نے عالمی توانائی منڈی کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں میں بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔ اسی خدشے کے باعث تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 96 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جو 5.13 ڈالر بڑھ کر 95.51 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں صورتحال اگر مزید خراب ہوتی ہے تو توانائی کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ بھی ممکن ہے۔





