پی سی بی نے سرلنکن کھلاڑی کو پی ایس ایل 12کیلئے نااہل قراردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر سری لنکن کرکٹر داسن شناکا پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہےجس کے باعث وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے نااہل قرار پائے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے شناکا نے لیگ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا جو کہ پی ایس ایل کے قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی ساکھ اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔

داسن شناکا نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی شائقین سے معذرت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ان کا کسی دوسری لیگ میں شرکت کا ارادہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی پر بھی دو سال کی پابندی عائد کی ہے، جس کے باعث وہ اگلے دو سیزنز نہیں کھیل سکیں گے۔ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے کاربن بوش بھی اسی طرح کے تادیبی عمل کا سامنا کر چکے ہیں۔

Scroll to Top