شہباز شریف سےصدر یورپی کونسل کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر یورپی کونسل انتونیو کوسٹا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہےجس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر یورپی کونسل کو مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مسلسل سفارتی کوششوں اور مختلف عالمی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

صدر یورپی کونسل انتونیو کوسٹا نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ یورپی یونین امن عمل کے لیے پاکستانی کوششوں کی ہر ممکن حمایت کے لیے تیار ہے۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سفارت کاری کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھنے اور مستقبل میں بھی باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top