امریکہ میں منعقد ہونے والا معروف “آئزن ہاور گلوبل فیلوشپ” پاکستانی پروفیشنلز کے لیے بھی کھول دیا گیا ہے، جو ایک مکمل فنڈڈ بین الاقوامی لیڈرشپ پروگرام ہے۔
یہ پروگرام مڈ کیریئر افراد کو عالمی سطح پر قیادت، جدت اور تعاون کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ فیلوشپ خاص طور پر ایسے پیشہ ور افراد کے لیے تیار کی گئی ہے جو اپنے شعبوں میں مثبت تبدیلی لانے اور بین الاقوامی نیٹ ورکنگ کے ذریعے اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
یہ پروگرام چھ ہفتوں پر مشتمل ہوگا جو اپریل سے مئی 2027 کے وسط تک جاری رہے گا۔ اس دوران دنیا بھر سے منتخب پروفیشنلز امریکہ میں اکٹھے ہوں گے جہاں انہیں لیڈرشپ ٹریننگ، نیٹ ورکنگ سیشنز اور مختلف پروجیکٹس پر عملی کام کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت تمام اخراجات مکمل طور پر کور کیے جائیں گے جن میں بین الاقوامی اور مقامی سفر، رہائش، کھانا، مقامی ٹرانسپورٹ، پروگرام فیس اور ہیلتھ انشورنس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کی 88ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
منتخب امیدواروں کو عالمی ماہرین کے ساتھ ملاقاتوں، لیڈرشپ سیشنز اور اہم پالیسی و ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ فیلوشپ بزنس، ٹیکنالوجی، پبلک سروس اور سوشل ڈیولپمنٹ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مڈ کیریئر پروفیشنلز کے لیے کھلی ہے۔
اہلیت کے مطابق امیدواروں کے پاس قیادت کا تجربہ، مثبت تبدیلی کا جذبہ اور مضبوط انگریزی کمیونیکیشن اسکلز ہونا ضروری ہے۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف کیریئر گروتھ کا بہترین موقع ہے بلکہ عالمی سطح پر نیٹ ورکنگ اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔





