پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی سطح پر بڑا موقع، مکمل فنڈڈ پروگرام کا اعلان

جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے عالمی یوتھ پلیٹ فارم “جیجو پیس فورم 2026” کے لیے درخواستیں کھول دی گئی ہیں، جس کے تحت پاکستانی طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد بھی اس مکمل فنڈڈ بین الاقوامی پروگرام میں حصہ لے سکتے ہیں۔

یہ باوقار فورم ورلڈ فیڈریشن آف یونائیٹڈ نیشنز ایسوسی ایشنز کے زیر اہتمام 24 سے 27 جون 2026 تک جنوبی کوریا کے جزیرے جیجو میں منعقد ہوگا۔

اس عالمی پلیٹ فارم پر دنیا بھر سے نوجوان رہنما شرکت کریں گے اور مشرقی ایشیا، کورین جزیرہ نما اور دیگر عالمی چیلنجز پر مکالمہ کرتے ہوئے پائیدار حل تلاش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام بین الاقوامی سطح کے اہم یوتھ فورمز میں شمار ہوتا ہے جہاں شرکاء کو عالمی ماہرین، پالیسی سازوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے ساتھ سیکھنے اور تبادلہ خیال کا موقع ملتا ہے۔

اس پروگرام کی کوئی درخواست فیس نہیں رکھی گئی، جس کی وجہ سے یہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ رسائی موقع ہے۔

منتخب امیدواروں کو مکمل فنڈڈ پیکج فراہم کیا جائے گا جس میں آمد و رفت کے ہوائی اخراجات، رہائش، کھانا، شٹل ٹرانسپورٹ، آفیشل دعوت نامہ، فورم فیس اور شرکت کا سرٹیفکیٹ شامل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فیلوشپ نے پاکستانی امیدواروں کے لیے راستہ آسان بنا دیا

یہ فورم نوجوانوں کو عالمی سطح پر قیادت، کمیونیکیشن اور تجزیاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ شرکاء ہائی لیول مباحثوں، ورکشاپس اور نیٹ ورکنگ سیشنز میں حصہ لے کر عالمی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل پر کام کریں گے۔

پروگرام پاکستان سمیت تمام ممالک کے نوجوانوں کے لیے کھلا ہے، تاہم امیدواروں میں عالمی مسائل میں دلچسپی، قیادت کی صلاحیت اور اچھی انگریزی کمیونیکیشن اسکلز کا ہونا ضروری ہے۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار 30 اپریل 2026 سے قبل آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی تجربہ اور عالمی نیٹ ورکنگ حاصل کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top