اسلام آباد: ایران میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ 51 ویں روز بھی جاری ہے، جس کے تحت مختلف بارڈرز کے ذریعے ہزاروں افراد پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گبد ریمدان بارڈر کے ذریعے آج مزید 65 افراد وطن واپس پہنچے، جس کے بعد اس راستے سے اب تک مجموعی طور پر 3 ہزار 300 افراد پاکستان آ چکے ہیں۔
اسی طرح 28 فروری سے اب تک تفتان بارڈر کے ذریعے 10 ہزار 619 افراد کی واپسی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بارڈرز یعنی گبد ریمدان اور تفتان کے ذریعے مجموعی طور پر اب تک 13 ہزار 919 افراد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق واپس آنے والوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جن میں مزدور، بزنس مین، طلبہ، زائرین، سی مین اور ایران میں مقیم پاکستانی رہائشی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی سطح پر بڑا موقع، مکمل فنڈڈ پروگرام کا اعلان
حکام نے بتایا ہے کہ وطن واپس آنے والے تمام افراد کی مکمل کلیئرنس، دستاویزات کی جانچ پڑتال اور امیگریشن کے عمل کو بروقت اور منظم طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ ہو۔
دوسری جانب بارڈر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ واپسی کا یہ سلسلہ محفوظ اور منظم انداز میں جاری رہے۔
حکام کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس عمل کو سہولت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔





