اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح بدستور صفر برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو 80.61 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 107.38 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح صفر ہی رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں دیگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق ہائی اوکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ (HOBC) پر لیوی 305.37 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل پر 20.36 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 15.84 روپے جبکہ فرنس آئل پر 77 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اگر پیٹرول پر لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو اس کی قیمت کو سابقہ سطح پر برقرار رکھا جا سکتا تھا، تاہم موجودہ مالی اور عالمی حالات کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد اضافہ
واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ اعلان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 33 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے دباؤ اور بین الاقوامی معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو مقامی سطح پر قیمتوں میں ردوبدل کرنا پڑا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی عالمی منڈی کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔





