ڈیوٹی کے دوران آرام کرنا مہنگا پڑ گیا، ہیڈ کانسٹیبل نوکری سے فارغ

شیراز احمد شیرازی

اسلام آباد: اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد اور وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران مبینہ غفلت برتنے پر ایک پولیس اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نوید اقبال کو ڈیوٹی کے دوران گاڑی میں آرام کرتے ہوئے پایا گیا، جسے سیکیورٹی ڈیوٹی میں سنگین غفلت قرار دیا گیا۔ واقعے کے وقت اہلکار کو فیض آباد سے ڈھوک کالا خان کے روٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی حساس فرائض انجام دیے جا رہے تھے، تاہم اہلکار کی مبینہ غفلت کے باعث فوری نوٹس لیا گیا۔

سینئر افسران نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کیا، جس کے بعد ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن نے ہیڈ کانسٹیبل نوید اقبال کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں : معروف پاکستانی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وی وی آئی پی سیکیورٹی کے دوران کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاتا اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔

واقعے کی مزید انکوائری جاری ہے جبکہ حتمی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی۔

Scroll to Top