خیبرپختونخوا میں زمینوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
لینڈ ریکارڈز ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر میں ای-رجسٹری سسٹم کے نفاذ کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 15 جون 2026 سے مینول رجسٹریشن مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ای-رجسٹری سسٹم کے نفاذ سے رجسٹریشن کے عمل کو جدید، شفاف اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔ اس مقصد کے لیے صوبے بھر کے سب رجسٹرارز کی ٹریننگ کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کی ٹریننگ 29 اپریل سے شروع ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے کی ٹریننگ 30 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔ حکام کے مطابق تمام سب رجسٹرارز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریننگ سیشن میں اپنے ہمراہ لیپ ٹاپ ضرور لائیں۔
یہ بھی پڑھیں: لنڈی کوتل،افغان مہاجرین سے رجسٹریشن کے نام پر لوٹ مار کرنے والے 4 افراد گرفتار
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریننگ کے دوران نہ صرف ای-رجسٹری سسٹم کے استعمال پر عملی رہنمائی دی جائے گی بلکہ مینول رجسٹرز کے جائزے اور ٹیکس ریکوری سے متعلق امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریکارڈز نے صوبے کے تمام اضلاع میں ای-رجسٹری سسٹم کے نفاذ کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مرحلہ وار اس نظام کو نافذ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کرپشن میں کمی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔





