پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی اور انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک صوبے بھر سے 34 ہزار 545 افغانیوں سمیت دیگر غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جن کے انخلا کا عمل جلد مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 13 ہزار 389 مرد، 6 ہزار 963 خواتین اور 14 ہزار 224 بچے شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق ان افراد میں 10 ہزار 771 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو رہائشی ثبوت رکھتے تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے۔ اس کے علاوہ 12 ہزار 643 غیر قانونی طور پر مقیم دیگر غیر ملکی باشندے بھی ڈی پورٹ کیے گئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کے عمل کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی قانون کی عملداری اور سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے جاری ہے۔





