پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے شاہ کس خیبر کے مقام پر ریسکیو 1122 کی جدید اکیڈمی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال فیضی کے مطابق یہ اکیڈمی 300 کنال رقبے پر تعمیر کی جائے گی جس کا بنیادی مقصد صوبے میں ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 79 کروڑ 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کی تکمیل 30 جون 2028 تک کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس جدید تربیتی ادارے میں ریسکیو اہلکاروں کو بنیادی اور جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ ہنگامی حالات میں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اکیڈمی میں فائرفائٹنگ، ایمرجنسی میڈیکل سروسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ غوطہ خوروں کی تربیت کے لیے سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ پانی سے متعلق حادثات میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ جسمانی فٹنس کے لیے جدید جم، گراؤنڈز اور دیگر تربیتی سہولیات بھی اکیڈمی کا حصہ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : کرک: پولیس پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں ایک ملزم گرفتار، دوسرا زخمی حالت میں ہسپتال منتقل
اکیڈمی میں آڈیٹوریم، ٹریننگ ٹاور، رہائشی ہوسٹلز اور دیگر جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کے لیے چھ ماہ کا بنیادی تربیتی پروگرام لازمی قرار دیا جائے گا جبکہ حاضر سروس اہلکاروں کے لیے ریفریشر کورسز بھی کروائے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اکیڈمی میں طلبہ، سرکاری و نجی اداروں کے افراد کو بھی فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹنگ کی تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے معاشرے میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مجموعی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔





