پشاور: صوبائی سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے التوا اور اس پر قانونی کارروائی سے متعلق ایک باضابطہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
حوالہ نمبر KP/SE/D-4/26 اور 30 اپریل 2026 کی تاریخ سے جاری اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا سے مشاورت اور وکلاء سے قانونی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک ایسے درخواست گزار کی درخواست، جس کا اس معاملے سے براہِ راست قانونی تعلق نہیں بنتا، سینیٹ انتخابات کے التوا کی کوشش ہے۔
ہدایت نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس اقدام سے خیبر پختونخوا کی نمائندگی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ایوانِ بالا (سینیٹ) میں متاثر کیا جا رہا ہے اور اسے تاخیری حربہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ کی ہونہار طالبہ نے سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی
دستاویز کے مطابق عرفان سلیم کو، جو سینیٹ انتخابات کے لیے متاثرہ امیدوار اور پارٹی پارلیمانی بورڈ کے نامزد امیدوار ہیں، ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس تاخیر کو چیلنج کریں اور انتخابی عمل کی جلد بحالی کے لیے تمام متعلقہ قانونی فورمز سے رجوع کریں۔
یہ ہدایت نامہ علی اصغر خان، جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جبکہ اس کی نقول چیئرمین پی ٹی آئی، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اور صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔





