نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اسرائیلی حراست سے بحفاظت رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ مشتاق احمد کو اسرائیلی قابض فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے ذریعے غزہ کے محصورین کے لیے انسانی امداد لے جاتے ہوئے دیگر کارکنوں سمیت غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا۔
انہوں نے سابق سینیٹر کی رہائی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور اس عمل میں تعاون کرنے پر یونانی اور ترک حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشتاق احمد کی استنبول منتقلی اور وہاں سے وطن واپسی کے لیے سہولیات فراہم کیں۔
نائب وزیراعظم نے اس مشکل مشن کی تکمیل میں وزارت خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کے متحرک کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے امدادی کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاری اور غزہ کے شہریوں کے لیے انسانی امداد روکنے کے اسرائیلی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف فلسطینیوں کے حق میں غیر مبہم ہے اور وہ ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔





