خیبر پختونخوا میں 2 سے 4 مئی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ۔
تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی تیز بارشوں اور آندھی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔ اسی طرح میدانی علاقوں خصوصاً پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
ادارے نے متعلقہ انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔





