پان، سگریٹ اور نسوار کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد

پشاور: پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں انسانی صحت کے لیے مضر اشیا کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے تحت سگریٹ، نسوار، پان اور دیگر نشہ آور اشیا پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں ہسپتال کی حدود میں ہر قسم کی تمباکو اور نشہ آور اشیا کے استعمال کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتال کے احاطے میں نسوار، پان، سگریٹ اور ویلو (نکوٹین پاؤچز) سمیت تمام ایسی اشیا کے استعمال اور فروخت پر پابندی ہوگی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال کی کینٹینز اور دکانوں پر بھی تمباکو مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی، اور اس حوالے سے تمام دکانداروں اور کینٹین انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا، دو نئے کیسز رپورٹ

انتظامیہ کے مطابق ان احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں کینٹین کے کنٹریکٹ کی منسوخی اور دکان کو سیل کرنا شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کو صحت دشمن اشیا سے پاک کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ مریضوں، تیمارداروں اور عملے کے لیے ایک صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید برآں سیکیورٹی اور فیسلٹی مینجمنٹ ٹیموں کو مشترکہ طور پر اس پابندی پر عملدرآمد کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ہسپتال ڈائریکٹر کو باقاعدگی سے مانیٹرنگ رپورٹس پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

Scroll to Top