وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو رہی ہے اور بعض حلقے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل علی امین گنڈاپور نے جب وفاق کی بات سننا شروع کی تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا، اور اب سہیل آفریدی بھی درست باتوں کو تسلیم کر رہے ہیں، تاہم بعض افراد اس صورتحال سے ناخوش ہیں اور انہیں بھی ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگرپاکستان تحریک انصاف کوئی نیا وزیراعلیٰ لانا چاہتی ہے تو وہ شوق سے لے آئے۔
عالمی اور علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور سیاسی و عسکری قیادت مسلم ممالک کے استحکام کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد عالمی سطح پر صورتحال پیچیدہ ہے، جبکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر عالمی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے، کیونکہ جنگی صورتحال نہ صرف دنیا بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔





