خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، برینٹ کروڈ آئل 107.70 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا

خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، برینٹ کروڈ آئل 107.70 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اعلان کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے بیان کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اتار چڑھاؤ آیا، جس سے قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت 101.40 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ برینٹ کروڈ آئل 107.70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔ روئٹرز کے مطابق پیر کے روز بھی مارکیٹ میں کمی کا رجحان برقرار رہا، تاہم تیل کی قیمتیں اب بھی 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر موجود ہیں۔

ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ امریکی اور ایرانی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال سے جڑا ہوا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ امریکا خطے میں پھنسے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا، تاکہ تجارتی سرگرمیاں بحال رہ سکیں

دوسری جانب آبنائے ہرمز میں جہاز رانی تاحال محدود ہے، اور خطے میں مکمل امن معاہدے کے آثار واضح نہیں ہو سکے۔ اسی باعث عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں، جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مؤقف کا جائزہ لے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے کو ترجیح قرار دیا ہے، جبکہ ایران نے جنگ کے خاتمے اور پابندیوں میں نرمی سے قبل جوہری معاملات کو موخر کرنے کی تجویز دی ہے۔

ادھر اوپیک پلس نے جون میں سات رکن ممالک کے لیے یومیہ 1 لاکھ 88 ہزار بیرل تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے کی کشیدگی کے باعث اس فیصلے کے اثرات محدود رہ سکتے ہیں۔

Scroll to Top