ملک بھر میں انتظامی وجوہات اور مسافروں کی کمی کے باعث 100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے فضائی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ کے لیے 84 اور اندرونِ ملک 22 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اسی طرح آج متحدہ عرب امارات کے لیے 54 پروازیں بھی روانہ نہ ہو سکیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے 24، لاہور سے 27، اسلام آباد سے 29، ملتان سے 10، پشاور سے 8 جبکہ اسکردو، سکھر اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ اور فیصل آباد سے 4، 4 پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
فلائٹ شیڈول میں مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی سے لاہور کی 4 جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی 6 پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صورتحال معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔





