اڈیالہ جیل غیرحاضری پر علیمہ خان برہم، شاہد خٹک نے وضاحت پیش کر دی

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دن پارٹی رہنماؤں کے اڈیالہ جیل نہ پہنچنے پر عمران خان کی بہن علیمہ خان نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے پارٹی ارکانِ اسمبلی کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو بانی پی ٹی آئی کے ووٹ سے اسمبلیوں میں بھیجا گیا، ان کا آج یہاں موجود ہونا ضروری تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایسے اراکین کو اس موقع پر موجود نہیں ہونا چاہیے تھا؟

اس موقع پر پارٹی رہنما شاہد خٹک نے علیمہ خان کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی پارلیمانی گروپ اور خیبرپختونخوا کے ایم این ایز کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔

ان کے مطابق تمام اراکین کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اڈیالہ جیل پہنچیں، جبکہ اگلے ہفتے خیبرپختونخوا کے تمام ارکانِ اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کی حاضری بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خواجہ آصف نے بھارتی پالیسیوں کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا

علیمہ خان نے مزید سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اڈیالہ جیل نہیں آ سکتے انہیں اپنے عہدوں اور نشستوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لینے والے افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے اور انہیں “تھوڑی سی شرم” کرنی چاہیے۔

پارٹی کے اندرونی معاملات پر اس کشیدگی نے ایک بار پھر تنظیمی نظم و ضبط اور اراکین اسمبلی کی حاضری سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے۔

Scroll to Top