خواجہ آصف نے بھارتی پالیسیوں کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ ہندوتوا پالیسیاں علاقائی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ، موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

اسلام آباد میں وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام کتاب “دی بیٹل آف ٹُرتھ” کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی پالیسیوں نے نہ صرف خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے بلکہ مختلف شدت پسند گروہوں کی پشت پناہی کے ذریعے حالات کو مزید پیچیدہ بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج جیسی تنظیموں کی سرپرستی خطے میں عدم استحکام کو بڑھا رہی ہے، جس کا مقصد امن کو نقصان پہنچانا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حالیہ بیانیے کی جنگ میں پاکستان نے سفارتی اور معلوماتی محاذ پر واضح کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کا پاکستان اور دیگر ملکوں کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں فوجی آپریشن مختصر مدت کیلئے روکنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ملکی ذرائع ابلاغ، سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز اور نوجوانوں نے بھرپور کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں عالمی برادری نے بھارت کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سچ پر مبنی بیانیہ ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عامر ریاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان آج ایک مضبوط ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے کھڑا ہے، جس کی بنیاد لاکھوں افراد کی قربانیوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کا بھارتی سیاست پر گہرا اثر ہے اور اس کا بنیادی مقصد ہندوتوا نظریے کو فروغ دینا ہے، جو خطے میں تقسیم اور نفرت کو بڑھا رہا ہے۔

Scroll to Top