جنوبی وزیرستان معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر جشن کا سماں ہے اور اس تاریخی کامیابی کی یاد میں مختلف علاقوں میں پروقار تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ تقریبات 2025 میں بھارت کے خلاف کیے گئے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہیں جس نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔
اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے مختلف اسکولوں میں خصوصی پروگرامز ترتیب دیے گئے، جہاں بچوں نے ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے ملک و قوم سے محبت کا اظہار کیا۔ تقریبات میں بچوں کے ساتھ ساتھ قبائلی عمائدین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ فضا مسلسل پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے پاک افواج کی بہادری، شہداء کی عظیم قربانیوں اور دفاعِ وطن کے لیے فورسز کے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقامی عمائدین کا کہنا تھا کہ یہ تقریبات قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوام کی اپنی افواج سے لازوال محبت کی عکاس ہیں۔جشنِ فتح کی یہ سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ قوم آپریشن بنیان مرصوص کے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔





