اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی سفارش پر کوہاٹ کے قریب دہشتگردی کے واقعے میں اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑے جانی نقصان سے بچانے والے بہادر شہری لیاقت علی کو صدرِ پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت سے نواز دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی غیر معمولی جرات اور قربانی کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق لیاقت علی نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جس بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں لیاقت علی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات اور بہادری کی ایسی مثال قائم کی ہے جو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے اہم رہنما حافظ عدنان خان انتقال کر گئے
وزیراعظم کے مطابق پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ شہری آبادیوں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم نے لیاقت علی کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔





