عید الاضحیٰ

پاکستان میں عید الاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات :ابتدائی تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان میں عید الاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات سے متعلق ابتدائی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جبکہ حتمی اعلان حکومت اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

فلکیاتی اندازوں کے مطابق ملک میں عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ کو ہونے کا قومی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

اگر عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جاتی ہے تو حکومتی روایت کے تحت تعطیلات کا آغاز 26 مئی بروز منگل سے ہوسکتا ہے جبکہ چھٹیاں 29 مئی بروز جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس طرح ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات شامل ہونے کے بعد سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو مسلسل 6 چھٹیوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔

دوسری جانب سپارکو نے سال 2026 کے آخری اسلامی مہینے ذوالحجہ کے چاند سے متعلق فلکیاتی حسابات جاری کردیئے ہیںادارے کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے نئے چاند کی پیدائش 17 مئی 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بج کر ایک منٹ پر ہوگی۔

سپارکو کے مطابق اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی جو رویتِ ہلال کے لیے ایک اہم عنصر تصور کیا جاتا ہے،مزید بتایا گیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا فرق موجود ہوگا، جس کے باعث مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔

ماہرین کے مطابق فلکیاتی اندازے عید کی ممکنہ تاریخ کے تعین میں معاون ثابت ہوتے ہیں تاہم پاکستان میں عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور شرعی اصولوں کی روشنی میں کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top