بجٹ 2026-27: ٹیکس میں کمی کتنی ہوگی؟ احسن اقبال نے بڑا اشارہ دے دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے آئندہ بجٹ کے اہم خدوخال سے متعلق تفصیلات سامنے رکھ دی ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی شرح کم کرنے کی مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے تاکہ عوام، خصوصاً تنخواہ دار طبقے کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ موجودہ ٹیکس نظام کے باعث تنخواہ دار طبقے پر مالی بوجھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسی لیے حکومت ٹیکسوں میں کمی کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے مذاکرات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت کو احساس ہے کہ زیادہ ٹیکس شرح کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے آئندہ بجٹ میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو بھی بجٹ کا اہم حصہ بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق زراعت کے شعبے میں اصلاحات اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھانے کیلئے بھی اہم اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور ممکنہ رعایتیں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سیلاب بحالی منصوبوں میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف

ترقیاتی بجٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف وزارتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے تقریباً 3 ہزار ارب روپے کے فنڈز طلب کیے گئے ہیں، تاہم وسائل کی محدود دستیابی کے باعث آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ تقریباً 1125 ارب روپے تک محدود رہنے کا امکان ہے۔

احسن اقبال کے مطابق حکومت کو محدود وسائل کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات ازسرنو طے کرنا ہوں گی، جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ مؤقف بھی سامنے آیا ہے کہ صوبائی نوعیت کے منصوبوں کو متعلقہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ سے فنڈ کیا جانا چاہیے۔

Scroll to Top