راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پاکستان آرمی کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو ان کی شاندار خدمات اور آپریشنز میں غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔

تقریب میں مجموعی طور پر 50 افسران اور جوانوں کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 کو تمغۂ بسالت دیا گیا۔ دورانِ تقریب شہداء کو بعد از وفات دیے گئے اعزازات ان کے اہلِ خانہ نے فخر کے ساتھ وصول کیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں ایک مقدس امانت ہیں جو ہر پاکستانی کے لیے باعث عزت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام انہی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کی استقامت، حوصلے اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ اور قربانی بے مثال ہے۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ تیاری اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک میں مکمل اور پائیدار امن قائم نہیں ہو جاتا۔





