استخار احمد یوسفزئی
صوابی کے تھانہ لاہور کی حدود جلسی محلہ اعوان میں گزشتہ روز لاپتہ نوجوان سفید خان کی لاش کھیت سے برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول سفید خان گزشتہ شام اچانک اپنے گھر سے نکلا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ نوجوان کے والد راج ولی خان ولد شیر اللہ نے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی اور بتایا کہ تلاش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ان کا بیٹا آخری بار اپنے دوستوں سلمان اور ہارون کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔
پولیس نے رپورٹ ملتے ہی فوری اور روایتی تفتشی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے دونوں مشتبہ دوستوں کو حراست میں لے کر ان سے کڑی تفتیش شروع کی۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ انہوں نے سفید خان کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا اور جرم چھپانے کی خاطر اس کی لاش کو ایک قریبی کھیت میں گڑھا کھود کر دفن کر دیا تھا۔
تھانہ لاہور پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر کھیت سے مقتول نوجوان کی لاش کو بحفاظت برآمد کر لیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہےجبکہ ملزمان سلمان اور ہارون کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔





