شاہدجان
محکمہ کھیل اور امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیراہتمام پشاور کے طہماس سٹیڈیم میں منعقدہ “مدارس سپورٹس فیسٹیول 2026” دلفریب مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔
فیسٹیول کے سب سے بڑے مقابلے یعنی کرکٹ فائنل میں جامعہ السعید دیر کالونی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ شاہ ولی اللہ آسیہ گیٹ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
سپورٹس فیسٹیول میں پشاور ریجن کے 8 نامور مدارس سے تعلق رکھنے والے 120 طلبہ نے حصہ لیا، جن کے مابین کرکٹ اور فٹبال کے زبردست مقابلے کھیلے گئے۔
کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جامعہ شاہ ولی اللہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں جامعہ السعید کو جیت کے لیے 105 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں جامعہ السعید دیر کالونی کے بلے بازوں نے جاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کر کے میدان مار لیا۔
فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے۔ انہوں نے فائنل کی فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مدارس کے طلبہ میں چھپے ٹیلنٹ کی تعریف کی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے ایونٹس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔





