بنکاک سے ماسٹرز ڈگریاں، خیبرپختونخوا کی طالبات نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

پشاور: خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سرکاری منصوبے کے تحت 30 خواتین طالبات نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم مکمل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے زیرِ اہتمام جاری خیبر پختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت ان طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے تھائی لینڈ بھیجا گیا تھا، جہاں انہوں نے ایشین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بنکاک سے مختلف شعبوں میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔

یہ تعلیمی اقدام ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے ممکن بنایا گیا، جبکہ طالبات کو حکومت کی جانب سے اسکالرشپس فراہم کی گئی تھیں۔

طالبات نے کامیابی کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کر کے نہ صرف اپنے خاندانوں بلکہ صوبے اور ملک کا نام بھی روشن کیا۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ خواتین کو عالمی معیار کی تعلیم اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اس اقدام سے صوبے میں خواتین کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں مستقبل میں پیشہ ورانہ میدان میں بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی، حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے شروع کیا گیا یہ پروگرام خواتین کی بااختیار ی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے منصوبے نہ صرف خواتین کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں گے بلکہ صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top