پشاور میںجرائم پیشہ نیٹ ورک بے نقاب، افغانیوں سمیت 16 ملزم گرفتار، دوران تفتیش سب کچھ اُگل دیا

پشاور میںجرائم پیشہ نیٹ ورک بے نقاب، افغانیوں سمیت 16 ملزم گرفتار، دوران تفتیش سب کچھ اُگل دیا

پشاور میں سٹریٹ کرائمز اور مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث 5 گینگز کو بے نقاب کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں افغان باشندے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض ملزمان آئس نشے کے عادی تھے اور نشے کی حالت میں وارداتیں کرتے تھے۔

پشاور سٹی پولیس نے تھانہ کابلی، یکہ توت، شاہ قبول اور بھانہ ماڑی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ان ملزمان کو حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ اور غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی اشیاء برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اجمل، احمد، قادر، جلیل، منیب، وقاص، محمد زبیر، محمد بلال، عدنان، ہارون، دانیال، طارق، حارث اور عارف سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ ان میں سے کئی ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ موٹر سائیکل چوری، راہزنی، نقب زنی، کار لفٹنگ اور ڈکیتی جیسی وارداتوں میں ملوث تھا۔ بعض ملزمان چوری شدہ رقم غیر قانونی سرگرمیوں، آئس نشے اور مختلف تفریحی سرگرمیوں میں خرچ کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ایک ملزم نے نشے کی حالت میں قربانی کا جانور بھی چوری کیا، جس کی مالیت ایک لاکھ 30 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

برآمدگی میں 22 موٹر سائیکلیں، ایک سوزوکی گاڑی، رکشہ، 7 لاکھ روپے نقدی، 200 درہم، 40 گھڑیاں، 4 لیپ ٹاپ، 22 موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ شامل ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top