پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کے دوران خطے میں امن و استحکام، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، جاری کشیدگی اور امن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ایرانی خبر ایجنسیوں کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں خطے میں قیام امن، سرحدی سیکیورٹی اور علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورے کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی میں کمی، امن کے فروغ اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کرنا تھا۔
ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی استحکام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان عسکری و سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جبکہ خطے میں جاری صورتحال کے تناظر میں اسے خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔





