چمن پھاٹک کوئٹہ ٹرین دھماکہ ، تین ایف سی اہلکار سمیت 14 شہید، بچے اور خواتین بھی شامل

چمن پھاٹک کوئٹہ ٹرین دھماکہ ، تین ایف سی اہلکار سمیت 14 شہید، بچے اور خواتین بھی شامل

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ٹرین پر خودکش دھماکا، 14 افراد شہید، بچوں اور خواتین سمیت درجنوں زخمی۔

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے خودکش دھماکے نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میںتین ایف سی اہلکار سمیت 14 شہیدجبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریلوے ٹریک کے قریب موجود مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث ٹرین پٹری سے اتر گئی اور شدید نقصان ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہدا میں تین فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ بچوں اور خواتین سمیت عام شہری بھی اس حملے کی زد میں آئے۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ قریبی عمارتوں اور کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

دھماکے کے بعد کچھ دیر کے لیے علاقے میں فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، جس کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کنٹرول سنبھال لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن اور سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

Scroll to Top