کاشف الدین سید
عید کی تعطیلات کے اختتام کے ساتھ ہی ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے دوبارہ سخت انتظامی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور سمیت مختلف شہروں میں مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز اور دیگر عوامی مقامات کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن طرز کی پابندیوں کی بحالی پر غور جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران عوامی سہولت کے پیش نظر پابندیوں میں وقتی نرمی دی گئی تھی، تاہم اب عید کے رش اور غیر معمولی نقل و حرکت کے باعث صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں سے موجودہ صورتحال، کاروباری سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات کے نتائج پر تفصیلی رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں۔ ان رپورٹس کی روشنی میں 13 جون کو ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس متوقع ہےجس میں پابندیاں مکمل طور پر ختم کرنے یا ان میں مزید توسیع دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیر سے پشاور سمیت کئی بڑے شہروں میں مخصوص کاروباری مراکز اور رش والے علاقوں کے لیے دوبارہ محدود اوقات کار اور حفاظتی ایس او پیز نافذ کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکام کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران حاصل ہونے والے نتائج، عوامی ردعمل اور کاروباری اثرات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اس نئی حکمت عملی اور پابندیوں کی بحالی کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جلد ہی جاری کیا جائے گا۔





