وزیراعلی سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی ممبران اسمبلی ناراض

وزیراعلی سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی ممبران اسمبلی ناراض،جلداجلاس بلانے کا امکان

خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے 20 سے زیادہ ارکان اسمبلی کی جانب سے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی سے ناراض ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ناراض ارکان کا شکوہ ہے کہ صوبے میں گورننس اور امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ بیوروکریسی سے اپنی بات منوانے میں ناکام ہیں اور افسران وزیر اعلیٰ کے بجائے وفاق کی بات مانتے ہیں۔

ناراض ارکان کا یہ شکوہ بھی سامنے آیا ہے کہ انہوں نے متعدد بار اپنے تحفظات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے مگر ان پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا۔ اس کے علاوہ فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور کابینہ میں توسیع پر بھی ارکان کو شدید تحفظات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام تحفظات اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ناراض ارکان کا جلد ہی ایک الگ اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے صوبائی حکومت سے متعلق ان خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی کی گروپ بندی سے متعلق تمام خبریں جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پارٹی ارکان اسمبلی کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے ہمیشہ کی طرح مایوس ہوں گے۔

شفیع جان نے مزید واضح کیا کہ تمام ارکان اسمبلی وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں متحد اور پُرعزم ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل اور بھرپور اعتماد حاصل ہے۔

Scroll to Top