پہلا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو آسان ہدف

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم آسٹریلیا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 ویں اوور میں 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے اور پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا آسان ہدف ملا ہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو اس وقت درست ثابت ہوا جب پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کو پچ پر ٹکنے نہ دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز الیکس کیری اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن الیکس کیری صرف 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد جوش انگلس 13 رنز، مارنس لیبوشین اور کیمرون گرین صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ 55 اور میٹ رینشا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اولیور پیک 7، نیتھن ایلس 8، تنویر سنگھا صفر اور میتھیو کوہنیمین 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی عرفات منہاس نے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور وہ ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل 1984 میں ذاکر خان نے اپنے ڈیبیو میچ میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

عرفات منہاس کے علاوہ ابرار احمد نے 2، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے 11 رکنی اسکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، غازی غوری، سلمان علی آغا، عبد الصمد، شاداب خان، حارث رؤف، ابرار احمد اور ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس شامل ہیں

Scroll to Top