پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے لے کر 5 جون تک تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
اس ممکنہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد جیسے بالائی اضلاع میں شدید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
اس کے ساتھ ہی پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ یعنی اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ ہے، جبکہ میدانی علاقوں بالخصوص پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے جس کے لیے کسانوں کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رکھیں۔ عوام کو سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 1700 پر دے سکتے ہیں۔





