پشاور: پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید آندھی اور طوفان کے بعد بجلی کا طویل اور غیر معمولی بریک ڈاؤن شہریوں کے لیے عذاب بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق شام تقریباً 6 بجے اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی۔ بجلی کی بندش سے پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا۔
شدید گرمی اور حبس کے باعث گھروں میں موجود بچے، بزرگ اور مریض زیادہ متاثر ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جزوی طور پر معطل ہو گئیں۔
شہریوں نے شکایت کی کہ آندھی کے دوران بجلی بند ہونا معمول ہے، تاہم طوفان کے کئی گھنٹے بعد بھی بحالی نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں طوفانی ہواؤں نے تباہی مچادی، 15 سے زائد افراد زخمی،ریسکیو آپریشن جاری
دوسری جانب پیسکو PESCO حکام کے مطابق طوفانی موسم کے باعث بجلی کے ترسیلی نظام میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں متعدد فیڈرز متاثر ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں مرمت اور بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور مرحلہ وار مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے۔





