جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے راغزائی بازار میں کرفیو کے دوران موٹر سائیکل سواروں کی پولیس پر فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک مسلح افراد کو رکنے کا اشارہ کیاتاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پبلک ایریا ہونے کی وجہ سے اہلکاروں نے شہریوں کے تحفظ کی خاطر جوابی کارروائی میں انتہائی احتیاط برتی اور صرف ہوائی فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار عقل زادین ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، جبکہ وہاں موجود دو مقامی شہری عبید اور معراج بھی زخمی ہو گئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں زیر علاج زخمی شہری عبید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان ،مکین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔





