طلبہ کے لیے بری خبر، یکم جولائی سے اسٹیشنری آئٹمز مہنگی ہونے کا امکان

طلبہ، والدین اور دفتری امور سے وابستہ افراد کے لیے بری خبر سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے فنانس بل 2026 میں اسٹیشنری کی اشیاء پر سیلز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اضافے کے بعد کاپیاں، رجسٹر، قلم، پنسل، مارکرز اور دیگر تعلیمی و دفتری سامان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی اسٹیشنری آئٹمز پر سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چھت نہ کتابیں، وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میں بچے کھلے آسمان تلے مٹی پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئی ٹیکس شرح یکم جولائی 2026 سے نافذ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد ملک بھر میں اسٹیشنری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی شعبے سے وابستہ اشیاء پر ٹیکس میں اضافے سے طلبہ اور والدین کے اخراجات مزید بڑھ جائیں گے، جبکہ دفتری استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top