پشاور میں معمولی تکرار پر بھائی نے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا

پشاور کے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں گھریلو تنازع ایک خونریز واقعے میں تبدیل ہو گیا، معمولی زبانی تکرار پر مبینہ طور پر والد کے کہنے پر ایک بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ نوراللہ اور 30 سالہ باور خان موقع پر جاں بحق ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس نے مقتولین کے والد اور ایک بھائی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین اور ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ ریگی للمہ کے علاقے امین کلے پشاور میں رہائش پذیر تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع اور زبانی تکرار کے بعد پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملاکنڈ:بٹ خیلہ میں راستے کے تنازع پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، بچی سمیت 4 زخمی

پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top