میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم اعلان

اسلام آباد: میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، رواں سال ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے مزید تین نئے شہروں کو امتحانی مراکز میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میانوالی، لیہ اور بہاولنگر کو نئے امتحانی مراکز کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ہزاروں طلبہ کو امتحان دینے کے لیے طویل فاصلے طے نہیں کرنے پڑیں گے۔

رپورٹس کے مطابق متعلقہ انتظامیہ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ نئے مراکز کے قیام کے لیے فوری انتظامات مکمل کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو ان کے آبائی علاقوں کے قریب امتحان دینے کی سہولت فراہم کرنا اور امتحانی نظام کو مزید مؤثر اور سہل بنانا ہے۔

رواں سال ایم ڈی کیٹ امتحان گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔ گزشتہ سال امتحان 12 شہروں میں ہوا تھا، جبکہ اس بار اسے بڑھا کر 15 شہروں تک کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح امتحانی مراکز کی مجموعی تعداد بھی 26 سے بڑھا کر 32 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : روزانہ کتنی مقدار میں نمک صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے؟

حکام کے مطابق نئے امتحانی مراکز کے قیام سے نہ صرف طلبہ کے سفری اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ امتحان کے دن ہونے والی مشکلات بھی کم ہوں گی۔

طلبہ اور والدین نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ایک مثبت اور طلبہ دوست اقدام قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 16 اگست کو منعقد ہوگا، جس میں ہزاروں امیدوار میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے شرکت کریں گے۔

Scroll to Top