عیدالاضحیٰ پر کیش کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیاں، بڑا ریکارڈ قائم

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر گو کیش لیس مہم کے تحت ملک بھر میں 34 ارب روپے مالیت کی تقریباً 4 لاکھ 80 ہزار ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ملک کی 123 مویشی منڈیوں میں اس مہم کو فعال طور پر فروغ دیا گیا تاکہ عوام کو نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیو آر کوڈ سہولت کے لیے خصوصی موبائل یونٹس تعینات کیے گئے تھے، جن میں اے ٹی ایم اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب تھیں تاکہ صارفین کو آسان سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 4.6 ارب روپے کے مقابلے میں رواں سال لین دین تقریباً سات گنا بڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم اعلان

رپورٹ کے مطابق اس مہم کے دوران 12 ہزار 500 نئے بینک اکاؤنٹس بھی کھولے گئے، جس سے ملک میں ڈیجیٹل بینکاری پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

حکام کے مطابق گو کیش لیس مہم کا مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا اور ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

Scroll to Top