وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی طرف سے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے ایک انتہائی اہم پیغام لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ان کوششوں سے موجودہ بحران جلد ختم ہو جائے گا، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا اور یہ معاملہ خوش اسلوبی سے اپنے انجام کو پہنچے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک ایران روابط کی گہرائی پر بات کرتے ہوئے کہا ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اگر ایک بھائی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو دوسرے بھائی کو بھی اس کا برابر احساس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کے پاس معاہدے کے سوا کوئی راستہ نہیں، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
محسن نقوی نے ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکام کے لیے اپنے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محمد باقر قالیباف، عباس عراقچی اور سکندر مومنی کی انتہائی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فریقین مل کر اس معاملے کو جلد کسی مثبت اور پائیدار نتیجے پر پہنچانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔





