پی ٹی اے نے سمز کے استعمال سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سمز کے غیرقانونی استعمال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنی سم کسی دوسرے شخص کو دینا قانوناً جرم ہے اور اس پر سزا ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال بھی غیرقانونی ہے، اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سم کے ذریعے ہونے والی غیرقانونی سرگرمی کی ذمہ داری اسی شخص پر عائد ہوگی جس کے نام پر سم رجسٹرڈ ہو۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ تمام سمز کی باقاعدگی سے جانچ کریں اور کسی بھی نامعلوم یا غیرضروری سم کو فوری طور پر بلاک کروائیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئی سم صرف مستند فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کی جائے تاکہ دھوکہ دہی اور غیرقانونی استعمال کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی سم لینے جا رہے ہیں؟ پی ٹی اے کی ہدایات نظر انداز نہ کریں

اتھارٹی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ سائبر جرائم اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

Scroll to Top