وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ایک انتہائی اہم ملاقات کی جس میں موجودہ علاقائی صورتحال، سفارتی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے خطے میں ثالثی اور سفارتی کوششوں میں فعال کردار ادا کرنے پر پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی طرف سے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے ایک انتہائی اہم پیغام لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ان سنجیدہ کوششوں سے موجودہ بحران جلد ختم ہو جائے گا، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا اور یہ معاملہ خوش اسلوبی سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کو سپریم لیڈر کے نام فیلڈ مارشل کا پیغام پہنچا دیا
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک ایران روابط کی گہرائی اور صدیوں پرانی سانجھی سرحدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، اگر ایک بھائی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو دوسرے بھائی کو بھی اس کا برابر احساس ہوتا ہے۔
محسن نقوی نے ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکام کے لیے اپنے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی کی انتہائی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک مل کر موجودہ معاملے کو جلد کسی مثبت، واضع اور پائیدار نتیجے پر پہنچانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔





