سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستانیوں نے رواں برس کتنے ارب روپے خرچ کیے، تفصیلات سامنے آگئیں

سرکاری حج سکیم کے تحت رواں سال پاکستانی عازمین حج نے مجموعی طور پر 139 ارب 16 کروڑ روپے کے اخراجات کیے جب کہ 1 لاکھ 19 ہزار 210 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لانگ حج پروگرام کے تحت مجموعی اخراجات 89 ارب 40 کروڑ روپے رہے جبکہ شارٹ حج پروگرام کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے ریکارڈ کیے گئے۔

لانگ حج پروگرام میں فی حاجی اوسط خرچ تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے رہا جبکہ شارٹ حج پروگرام میں فی حاجی اوسط خرچ 12 لاکھ روپے کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال حج ادا کرنے والے عازمین میں خواتین کی تعداد 50 ہزار 114 رہی جو مجموعی کوٹے کا 43.5 فیصد ہے جبکہ مرد حاجیوں کی تعداد 65 ہزار 182 رہی جو 56.5 فیصد بنتی ہے۔

حکام کے مطابق دو اور تین بیڈ روم کی رہائش کے انتخاب پر عازمین پر اضافی اخراجات بھی عائد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ تیار، حجم 2300 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان

واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار صرف سرکاری حج سکیم سے متعلق ہیں جبکہ پرائیویٹ حج اسکیم کے اخراجات اس میں شامل نہیں ہیں۔

Scroll to Top